
کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے معروف تاجر مزمل کریم پراچہ، جنہوں نے سندھ کی تاریخ کی مہنگی ترین گاڑی نمبر پلیٹ “A1” کو 10 کروڑ روپے میں نیلامی کے دوران خریدا تھا، طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
سندھ حکومت کی جانب سے کچھ عرصہ پہلے منعقد ہونے والی پہلی پریمیئم نمبر پلیٹ نیلامی میں مجموعی طور پر 40 نمبر پلیٹس سے 67 کروڑ 54 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔ ان میں سب سے زیادہ بولی “A1” پلیٹ کے لیے دی گئی، جسے مزمل پراچہ نے خریدا تھا۔
دیگر نمایاں نمبروں میں “5” نمبر 5 کروڑ 3 لاکھ، “7” نمبر 4 کروڑ 6 لاکھ، “8” نمبر 4 کروڑ 1 لاکھ اور “9” نمبر 4 کروڑ روپے میں نیلام ہوا۔ روحانی اہمیت رکھنے والی پلیٹ “786” بھی 2 کروڑ 6 لاکھ 50 ہزار روپے میں فروخت ہوئی۔
نیلامی کا انعقاد سندھ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں کیا تھا۔ صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے بتایا تھا کہ اس اقدام کا مقصد صرف دولت کی نمائش نہیں بلکہ فنڈز کے ذریعے عوامی فلاح کے کاموں میں مدد دینا ہے۔
مرحوم مزمل پراچہ کے انتقال پر کاروباری حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔