
عراق کے شہر کربلا میں کلورین گیس کے اخراج سے 600 سے زائد زائرین کو سانس لینے میں دشواری کے باعث عارضی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
وزارت صحت عراق کے مطابق کربلا میں کلورین گیس کے اخراج کے بعد 621 افراد کو دم گھٹنے کی شکایت ہوئی، تاہم تمام مریض ضروری علاج کے بعد صحت یاب ہو کر گھروں کو واپس چلے گئے۔
یہ واقعہ کربلا اور نجف کے درمیان واقع ایک واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن پر کلورین لیک ہونے سے پیش آیا۔ یہ راستہ ان لاکھوں شیعہ زائرین کے لیے اہم ہے جو امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے مزارات کی زیارت کے لیے آتے ہیں اور اربعین کے موقع پر امام حسینؓ کی شہادت کی یاد مناتے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق گیس لیک پانی کے اسٹیشن سے ہوا جبکہ عراق میں برسوں کے تنازعات اور کرپشن کے باعث انفراسٹرکچر خستہ حالی کا شکار ہے اور حفاظتی معیار کی پاسداری اکثر کمزور رہتی ہے۔