فیصل خان کے سنگین الزامات پر عامر خان کے اہل خانہ کا ردعمل سامنے آگیا

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار عامر خان کے بھائی فیصل خان کی جانب سے حالیہ دنوں میں لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد عامر خان کے اہل خانہ نے اپنا ردعمل جاری کردیا ہے۔

چند روز قبل ایک انٹرویو میں فیصل خان نے ماضی کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے بقول، عامر خان نے انہیں ایک سال تک گھر میں قید رکھا۔ فیصل کا کہنا تھا کہ اہل خانہ نے انہیں دماغی بیماری (شیزوفرینیا) کا مریض قرار دیا اور یہ سمجھا کہ وہ معاشرے کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

فیصل کے مطابق اس دوران انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی، فون ضبط کرلیا گیا اور کمرے کے باہر گارڈز تعینات تھے جو انہیں دوائیں دیتے تھے۔ فیصل نے مزید کہا کہ اس وقت وہ والد کی مدد کے منتظر تھے مگر ان سے رابطہ ممکن نہ تھا۔

ان بیانات پر عامر خان کے اہل خانہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کے اہل خانہ نے جاری بیان میں کہا کہ فیصل کی جانب سے والدہ، بہن اور بھائی پر لگائے گئے الزامات افسوسناک ہیں اور یہ پہلا موقع نہیں جب انہوں نے واقعات کو غلط انداز میں پیش کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ فیصل سے متعلق تمام فیصلے خاندان نے مل کر، ماہرِ نفسیات کی مشاورت کے بعد کیے، اور یہ سب کچھ ان کی جذباتی و نفسیاتی بہتری کے لیے کیا گیا۔ اسی وجہ سے اہل خانہ نے ہمیشہ اس مشکل دور کی تفصیلات عوام میں لانے سے گریز کیا۔

عامر خان کے اہل خانہ نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ اس نجی معاملے کو سنسنی خیز انداز میں نہ اچھالا جائے اور غیر ضروری قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة