سرمایہ کاروں کے ٹیکس مسائل حل کیلئے کمیٹی تشکیل

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ٹیکس مسائل کے فوری حل اور ٹیکس حکام کے ساتھ رابطوں میں موجود خلا کم کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیو میر بادشا خان وزیر کی سربراہی میں اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

ایف بی آر سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ یہ کمیٹی 7 اراکین پر مشتمل ہوگی، جس کے سربراہ ایف بی آر کے ممبر لیگل ان لینڈ ریونیو میر بادشاہ خان وزیر ہوں۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں اوور سیز پاکستانیز چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کا نمائندہ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا نمائندہ، بیرونی ممالک کی پاکستان میں بزنس ایسوسی ایشن کا نمائندہ، متعلقہ ملک کا کمرشل قونصلر یا قونصلیٹ جنرل کا نمائندہ، متعلقہ شہر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا نمائندہ اور ایف بی آر سے نمائندگی کے طور پر چیف ان لینڈ ریونیو آپریشن شامل ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے ٹی او آر بھی جاری کردیے گئے ہیں، یہ کمیٹی فوری طور پر اپنے کام کا آغاز کرے گی، کمیٹی کا مقصد غیرملکی سرمایہ کاروں کو مؤثر ادارہ جاتی معاونت فراہم کرنا، ان لینڈ ریونیو سے متعلق ٹیکس مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا اور پاکستان میں کام کرنے والے غیر ملکی کاروباری اداروں کو ٹیکس قوانین کی تشریح، ریفنڈ کے اجرا اور ودہولڈنگ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ جیسے مسائل میں درپیش مشکلات کو دور کرنا ہے۔

اس سلسلے میں کمیٹی ہر 15 روز یا کم از کم ایک ماہ میں ایک مرتبہ اجلاس منعقد کرے گی تاکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات پر بروقت پیش رفت اور ان کے حل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة