
معروف اداکارہ اور میزبان حنا خواجہ بیات نے کراچی میں بارش سے ہونے والی تباہی پر دہائیوں سے حکومت کرنے والی جماعت، میئر مرتضیٰ وہاب اور گورنر کامران ٹیسوری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ادکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں وہ نہایت غصے اور جذباتی انداز میں کراچی کو نوحہ پڑھتی نظر آئیں۔
انھوں نے کہا کہ ایک بارش نے ثابت کردیا کہ عذاب صرف آسمان سے نہیں برستا بلکہ زمین پر کچھ لوگ اس کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔
حنا بیات نے کہا کہ وہ سب بے حس اور نااہل لوگ جو کئی دہائیوں سے کراچی پر حکمرانی کر رہے ہیں، یہ بھول گئے ہیں ان کا منصب خدمت کرنا ہے۔
ادکارہ نے یاد دلایا کہ کراچی آپ کو 70 فیصد سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے اور ملک کی ریڑھ کی ہڈی کا کام کرتا ہے وہاں ایسی سڑکیں بھی نہیں بنائیں جہاں گڑھے نہ ہوں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پانی کے نکاسی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ہر جگہ پانی ہے لیکن پینے کا نہیں ہے کیوں کہ اس کے لیے ٹینکر مافیا نے اپنی کمائی کرنی ہوتی ہے۔
ادکارہ نے کہا کہ یہ کرپٹ سسٹم ایسا ہے کہ آپ کسی ٹھیلے کو تو ہٹا دیتے ہیں مگر اس کی جگہ بڑی بڑی بلڈنگز غیرقانونی طور پر بنادیتے ہیں۔ نالے بند کردیتے ہیں گٹر بند کردیتے ہیں۔