کراچی چیمبر کا بارش بعد اقدامات کا مطالبہ

کراچی:

کراچی چیمبر نے بارش کے بعد شہر کی زبوں حالی پر وزیر اعلیٰ سندھ، مئیر کراچی، کمشنر اور چیف سیکریٹری کو ہنگامی خطوط ارسال کردیے ہیں اور فوری مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ حکام کو لکھے گئے خط میں کراچی چیمبر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں مون سون کے ابتر حالات سے نمٹنے کے لیےصوبائی حکومت کو مشترکہ حکمت عملی اپنانی ہوگی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے، صوبائی اور بلدیاتی ادارے نکاسی آب کے عمل کو تیز کریں۔

صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا کہ مون سون بارشوں کی تباہی سے تجارتی سرگرمیوں میں خلل پڑ چکا ہے، کراچی میں منظور کالونی نالہ، گجر نالہ اور لیاری نالہ میں صفائی کے عمل کو مؤثر اور تیزتر بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فعالیت اور بروقت اقدامات سے ہی شہر میں مون سون بارشوں کے چیلنجز سے نمٹا جاسکتا ہے۔

صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ صفائی مہم کا آغاز ان مقامات سے ہونا چاہیے جہاں بارش کا پانی اورسیوریج نالوں میں داخل ہوتا ہے، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ہر جانب فعال کرنا ہوگا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مون سون اسپیل کے لیےناکافی تیاری اور حالات کنٹرول کرنے کے ردعمل میں تاخیر سے صورت حال ابتر ہوئی ہے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة