
شوبز کی دنیا میں فنکاروں کی ایک دوسرے کے ساتھ جہاں ناراضگیاں اور رنجشیں ہوتی ہیں وہیں آپس میں ہنسی مذاق اور چٹکلوں کا قہقہوں بھرا سلسلہ بھی ہوتا ہے۔
ایسا ہی کچھ اس بار ہوا جب معروف فلم ساز نبیل قریشی نے اپنے گہرے دوست اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ پر مزاحیہ انداز میں “طنز کا تیر” چھوڑ دیا۔
واقعہ کچھ یوں ہے کہ اداکار ببرک شاہ نے ایک ٹی وی شو میں کئی اداکاروں کے بارے میں کھل کر بات کی۔ جس میں فواد خان کو “اوور ریٹڈ” اور عمران عباس کو فلموں کے لیے غیر موزوں اداکار قرار دیا۔
بات یہیں ختم نہیں ہوئی ببرک شاہ نے فہد مصطفیٰ کی ادکاری کو 10 میں سے 5 نمبر دیئے اور اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ فہد فلموں کے ہیرو کے بجائے ٹی وی میزبان زیادہ اچھے ہیں۔
ببرک شاہ نے مزید کہا کہ فہد مصطفیٰ میرے خیال میں طارق عزیز کی طرح بہترین ہوسٹ تو ہیں لیکن اداکاری ان کے بس کی بات نہیں۔
یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو نبیل قریشی بھی پیچھے نہ رہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر فہد مصطفیٰ کو مینشن کرتے ہوئے ہنستے ہنستے لکھا کہ “تو بھائی! اداکاری کب سیکھو گے؟”
یہ جملہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگیا اور صارفین نے کمنٹس میں خوب مزاحیہ تبصرے کیے۔