
امریکی قونصلیٹ جنرل نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی سربراہ سارہ احمد کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں امریکی ایکسچینج پروگرام کے المنا کی حیثیت میں کمیونٹیز میں تبدیلی لانے کا عملی مظاہرہ کر رہی ہیں۔
لاہور میں امریکی قونصلیٹ جنرل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب کی چیئرمین پرسن سارہ احمد سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ملاقات کا مقصد پنجاب بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سارہ احمد کی سربراہی میں ہونے والے اقدامات سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔
امریکی قونصل خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سارہ احمد 2019 سے اس پروگرام کی سربراہ ہیں اور یہ پروگرام اسکولوں، ضلعی سطح پر قائم پروٹیکشن یونٹس میں آگاہی پھیلا رہا، عالمی یوم اطفال پر صوبائی سطح پر کانفرنسز کا انعقاد ہوتا ہے۔
اسی طرح ان کی سربراہی میں بچوں کو بھکاری بنانے کے خلاف مہم چلانے اور بچوں کی فلاح کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں اور ان تمام اقدامات کا مقصد انتہائی کمزور افراد کا تحفظ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں قابل فخر امریکی ایکسچینج پروگرام کا حصہ ہونے کی حیثیت میں سارہ احمد امریکی ایکسچینج پروگرام کا حصہ رہنے والے افراد کی اپنی کمیونٹیز میں انفرادی سطح پر تبدیلی لانے کے لیے ہونے والی کوششوں کا مظہر ہیں۔
امریکی قونصلیٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان کا کام اس بات کی زبردست مثال ہے کہ ایکسچینج پروگرام کیسے دورس اثرات چھوڑتا ہے اور استحکام کے فروغ کے لیے ہمارے مشترکہ اہداف، مواقع اور ترقی میں معاون ہے۔