
بھارتی انفلوئنسر نے دو سال میں 67 کلو وزن کم کرکے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں ڈال دیا۔
بھارت سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا انفلوئنسر رجنی گھنگھاس دو سال میں 67 کلو وزن کم کرکے اپنی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی لائی ہے۔ رجنی کا وزن دو سال قبل 155 کلو تھا، تاہم مسلسل محنت اور سادہ طرز زندگی کی بدولت اب ان کا وزن 88 کلو ہو چکا ہے۔
انہوں نے حال ہی میں اپنی 20ویں سالگرہ ایک نئی خود اعتمادی کیساتھ منائی ساتھ ہی اپنے اس مشکل سفر کے بارے میں بھی مداحوں کو بتایا۔
رجنی کے مطابق ان کی تبدیلی کسی مہنگے فٹنس پروگرام یا مخصوص ڈائیٹ پلان کے ذریعے نہیں، بلکہ سادہ غذا، روزمرہ ورزش اور تسلسل کے نتیجے میں آئی۔ انہوں نے نہ کوئی فینسی ڈائیٹ اپنائی اور مستقل مزاجی کیساتھ جم سیشن کا سہارا لیا۔ ان کا معمول شام کے وقت ہلکی پھلکی ورزش، ایک کلومیٹر دوڑ، سلاد اور متوازن غذا پر مشتمل رہا۔
اپنے انسٹاگرام پر رجنی نے جو ڈائیٹ پلان شیئر کیا، اس میں چپاتیاں، سبزیاں، پنیر، دہی، پروٹین، چنے کا سلاد، مکھانے، کھیرے، دار چینی لیموں پانی، اجوائن والی چائے اور چقندر کا جوس شامل ہیں۔ انفلوئنسر نے روزانہ 10 ہزار قدم چلنے اور 4 لیٹر پانی پینے کو وزن کم کرنے میں کامیابی کی کنجی قرار دیا ہے۔