
بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے داخل ہوئی مون سون ہواؤں کے زیراثر 27 اگست کو کراچی میں بارشیں ہوسکتی ہیں، ہفتے کو شہر کے مختلف علاقوں میں سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کے سبب بارش ہوئی، گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 2.8 ڈگری کمی سے 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، دوپہر کے وقت سمندری ہوائیں بھی چلیں۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہورہی ہیں جس کے تحت آج (اتوار) سے 26 اگست تک دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ 27 اگست کو کراچی میں بارشوں کا امکان موجود ہے مگر اس سسٹم کے حوالے سے صورتحال اگلے 48 گھنٹوں میں زیادہ بہتر طور پر واضح ہوگی۔
امیر حیدر لغاری کے مطابق ایک تاثر یہ پایا جارہا ہے کہ چونکہ یہ سسٹم بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے پاکستان پر اثرانداز ہو رہا ہے تو اس کی شدت زیادہ ہوگی مگرا س موسمیاتی صورتحال میں یہ پہلو ضرور دیکھنا چاہیے کہ جس وقت سسٹم کسی مقام سے روانہ ہوتا ہے اس کی شدت جتنی بھی وہ راستے میں مختلف درجے کی بارشیں دیتا ہوا جاتا ہے اس دوران اس کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہوتی ہے اور پھر ایک موقع پر وہ کمزورپڑجاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کی موسمیاتی صورتحال قدرے مختلف ہے کیونکہ ساحلی شہر ہونے کی وجہ سے اکثر و بیشر موسم میں بہت تیزی سے تبدیلی ہوتی ہے جس کے دوران سابقہ ساری پیشں گوئیاں بسا اوقات قدرے تبدیل ہوجاتی ہیں، اس میں کبھی کبھار تو ابتدائی پیش گوئیوں کے برخلاف موسمیاتی صورتحال بن جاتی ہے جبکہ اس معاملے کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ کبھی کبھی سمندر سے سسٹم کو موئسچر(نمی) ملنے کی وجہ سے یہ کئی گنا طاقتور ہوجاتا ہے اور زیادہ بارشوں کا سبب بنتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ شہر میں حالیہ بارشوں کا سبب بننے والی مون سون سسٹم کے اثرات کراچی کی فضاؤں پر موجود ہیں، ہفتے کو شہر کے مختلف علاقوں میں جو بارشیں ہوئیں وہ سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کے سبب تھیں۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق آج اور کل (پیر) کو شہر میں ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی کا امکان رہے گا، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 تا 33 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، ہفتے کو بیشتر وقت شہر کا مطلع زیادہ ترابرآلود رہا جس کی وجہ سے گزشتہ روز کے مقابلے میں شہر کا درجہ حرارت 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کمی سے 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
دریں اثنا سابقہ مون سون سسٹم اور سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے سبب ہفتے کو شہر میں ہوئی بارش کے محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، اورنگی میں 5 ملی میٹر، گلشن معمار میں 4، یونیورسٹی روڈ میں 3 ملی میٹربارش ہوئی جبکہ سب سے کم بارش ناظم آباد میں 2.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔