جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں درد ناک شکست کے بعد اپنی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ بنا ڈالا۔
اتوار کو آسٹریلیا نے مہمان ٹیم جنوبی افریقا کو سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میں 276 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی لیکن 3 میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے جنوبی افریقی ٹیم کے نام رہی۔
میک کے میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلے بیٹنگ کی اور 2 وکٹ پر 431 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ابتدائی 3 بیٹرز نے شاندار سنچریاں اسکور کیں، اوپنر ٹریوس ہیڈ اور مچل مارش نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 250 رنز جوڑے ۔ ٹریوس ہیڈ نے 103 گیندوں پر 142 رنز اسکو رکیے جبکہ مچل مارش نے 106گیندوں پر پورے 100 رنز کی اننگز کھیلی۔
البتہ کینگروز کی جانب سے سب سے جارحانہ بیٹنگ کیمرون گرین نے کی جنہوں نے صرف 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 118رنز اسکور کیے۔
اس کے علاوہ ایلکس کیری 50 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،دونوں نے 164 رنز کی پارٹنر شپ بھی قائم کی۔
432 رنز کے ہدف کے جواب میں جنوبی افریقا کے بیٹرز آسٹریلوی بولر کوپر کونولی کی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 155رنز پر آؤٹ ہوگئی اور مہمان ٹیم کو 276 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کوپر نے صرف 22 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شان ایبٹ اور زیویئر بارٹلیٹ نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس شکست کے ساتھ ہی جنوبی افریقا نے اپنی ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ بنا ڈالا۔

276 رنز سے شکست جنوبی افریقا کی رنز کے اعتبار سے اپنی ون ڈے کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کو 2023 میں بھارت کے خلاف 243 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ شکست کے باوجود سیریز 1-2 سے جنوبی افریقا کے نام رہی جو ابتدائی 2 ون ڈے میچز میں کامیاب رہا تھا۔