
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بحال کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ بات چیت کے دوران نوجوانوں کے درمیان روابط بڑھانے، علاقائی رابطوں کو مضبوط کرنے، اور تجارتی و اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور علاقائی تعاون کے ممکنہ مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ملاقات میں وزیراعظم کی جانب سے پروفیسر یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے بنگلا دیش میں اپنی مصروفیات اور اس دورے کے اہم نتائج سے بھی چیف ایڈوائزر کو آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اپنے اور اپنے وفد کے لیے بہترین انتظامات اور پرتپاک مہمان نوازی پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کا شکریہ ادا کیا۔