
بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا اور سنیتا آہوجا کی علیحدگی کی خبروں پر بیٹی کا ردعمل سامنے آگیا۔
گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئیں کہ سوشل میڈیا پر سال بھر متعدد بار وائرل ہونے والی گووندا اور سنیتا آہوجا کی طلاق کا اب آخر کار عدالت تک پہنچ چکا ہے۔ جس پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی کہ اس بار بھی معاملہ صرف سنسنی پھیلانے والی خبر تک ہے یا حقیقت میں ایسا کچھ ہورہا ہے۔
اب گووندا اور سنیتا آہوجا کی بیٹی ٹینا کا والدین کی طلاق کی خبروں پر بیان سامنے آیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ٹینا آہوجا نے مداحوں کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اپنے والدین کے طلاق کے دعووں کی بھی تردید کی۔ ٹینا نے کہا، “یہ سب افواہیں ہیں۔”
مزید یہ پوچھے جانے پر کہ جب ایسی خبریں بار بار سامنے آتی ہیں تو وہ کیا محسوس کرتی ہیں، اداکارہ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان افواہوں پر توجہ نہیں دیتیں۔
ٹینا سے طلاق کی خبر پر ان کے والدین کے ردعمل کے بارے میں بھی پوچھا گیا۔ اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ گووندا ابھی تک ملک میں نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، “میں ایک خوبصورت خاندان کے ساتھ خوش قسمت محسوس کرتی ہوں اور میں میڈیا، مداحوں اور چاہنے والوں سے ملنے والی تمام تشویش، محبت اور حمایت کے لیے واقعی شکر گزار ہوں۔”