
مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بارش نے تباہی مچا دی، مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 30 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کے روز تیسرے دن بھی موسلادھار بارش جاری رہی۔ صرف جموں میں ایک دن کے دوران 360 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے دوڈہ اور ویشنو دیوی یاترا روٹ پر سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا۔ حکام کے مطابق صورتحال سنگین ہونے پر جموں و کشمیر انتظامیہ نے تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا ہے، البتہ ایمرجنسی سروسز اور امن و امان سے متعلق ادارے کھلے رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ جموں، کٹھوعہ اور ادھم پور کے کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ مزید جاری رہ سکتا ہے جس سے مزید لینڈ سلائیڈنگ اور نقصان کا خدشہ ہے۔