میٹا کے چیف ایگزیکٹو دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں اور آج کل اپنے پڑوسیوں کو تحائف دے رہے ہیں۔
جی ہاں واقعی امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پالو آلٹو میں مارک زکربرگ کے محل نما گھر کے پڑوس میں آباد افراد کو میٹا کے چیف ایگزیکٹو کی جانب سے تحائف دیے گئے ہیں۔
اس شہر کے علاقے کریسنٹ پارک میں مارک زکربرگ نے 11 جائیدادیں خریدی تھیں اور ان میں تعمیراتی کام مسلسل جاری ہے۔
یہ علاقہ کبھی بہت خاموش ہوتا تھا مگر مارک زکربرگ کے گھر کے تعمیراتی کام کے شور نے پڑوسیوں کو بہت زیادہ تنگ کر دیا ہے۔
پڑوسیوں کی جانب سے بہت زیادہ شکایات کی گئی تو مارک زکربرگ نے انہیں نوائز کینسلنگ ہیڈ فونز تحفے کے طور پر بھیج دیے۔
مارک زکربرگ کی جانب سے گھر میں گیسٹ ہاؤسز، باغات، ایک نجی اسکول، زیرزمین مراکز اور دیگر کام کرائے جا رہے ہیں۔
یہ تعمیراتی کام عرصے سے جاری ہے جبکہ علاقے کے راستے بلاک ہوچکے ہیں اور میٹا کی چیف ایگزیکٹو کی سخت سکیورٹی بھی وہاں کے رہائشیوں کے لیے عذاب بن گئی ہے۔

علاقے کے ایک رہائشی کے مطابق کوئی بھی نہیں چاہے گا کہ اس کے علاقے پر قبضہ ہو جائے، مگر یہاں کچھ ایسا ہی ہوا ہے، مارک زکربرگ نے ہمارے علاقے پر قبضہ کر لیا ہے۔
مارک زکربرگ نے ان شکایات پر ہیڈ فونز کے ساتھ ڈونٹس اور دیگر اشیا بھی تحائف کے طور پر پڑوسیں کو بھیجیں۔
مگر سوشل میڈیا صارفین نے ان تحائف کو مفاہمت کی بجائے زیادہ توہین آمیز قرار دیا۔۔
پڑوسیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ شہری انتظامیہ کی جانب سے مارک زکربرگ کو جائیداد میں توسیع میں سہولت فراہم کرتے ہوئے درجنوں پرمٹ جاری کیے گئے۔
ان کے مطابق ارب پتی افراد ہر جگہ اپنے قوانین تشکیل دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی ملبے کے ذرات گھروں کے اندر آ جاتے ہیں جبکہ تعمیراتی ورکرز اپنی گاڑیاں ہمارے گھروں کے سامنے کھڑی کر دیتے ہیں اور یہ صرف شکایات کا آغاز ہے۔