
آسٹریلیا کے تجربہ کار فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹارک نے ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔
35 سالہ اسٹارک گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے کوئی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی نہیں کھیل رہے تھے اور اب وہ صرف ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کریں گے تاہم وہ ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی لیگز، بشمول آئی پی ایل میں حصہ لیتے رہیں گے۔
اسٹارک نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے لیے کھیلا گیا ہر ٹی ٹوئنٹی میچ ان کے لیے یادگار رہا جبکہ 2021 کا ورلڈ کپ جیتنا ایک خاص اعزاز تھا۔
واضح رہے کہ اسٹارک نے آسٹریلیا کی جانب سے 65 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں حصہ لیا اور 79 وکٹیں اپنے نام کیں۔