
بالی ووڈ کے نامور ہدایتکار اور پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی ایک نئے تنازعے میں گھر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر بیکانیر میں لیلا بھنسالی کے خلاف فراڈ، بدسلوکی اور مجرمانہ دھمکیوں کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
یہ ایف آئی آر پراتیک راج ماتھور نامی شخص کی درخواست پر کاٹی گئی جس نے خود کو فلم “لَو اینڈ وار” کا لائن پروڈیوسر بتایا ہے۔
پولیس کو دیئے گئے بیان میں پراتیک نے کہا کہ مجھے باضابطہ طور پر بھنسالی پروڈکشنز کی جانب سے کنٹریکٹ ملا تھا، جس کے تحت وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے انتظامات کر رہے تھے۔ تاہم اچانک یہ کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا۔
شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ جب وہ فلم کی ٹیم سے ملاقات کے لیے ایک ہوٹل پہنچے تو نہ صرف ان کے ساتھ بدکلامی کی گئی بلکہ پروجیکٹ سے بھی الگ کر دیا گیا۔
پراتیک کا مزید کہنا تھا کہ کئی دن تک محنت اور اخراجات کرنے کے باوجود نہ تو انہیں کوئی معاوضہ دیا گیا اور نہ ہی معاہدے کی پاسداری کی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ مقدمہ عدالت کی ہدایت پر درج کیا گیا ہے، جس میں سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ ساتھ ان کی ٹیم کے دو افراد، اروند گل اور اوتکرش بالی کو دھوکا دہی، سازش اور مجرمانہ دھمکی کے الزام میں نامزد کیا گیا ہے۔
تاحال لیلا بھنسالی یا ان کی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے اس مقدمے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ فلم “لَو اینڈ وار” میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہوں گے اور فلم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ جس کی شوٹنگ آئندہ مہینوں میں متوقع ہے۔