
ہالی ووڈ کی ہمیشہ فِٹ اور اسٹائلش اسٹار جینیفر اینسٹن نے بالآخر اپنی جوانی کا راز کھول ہی دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 56 برس کی عمر میں بھی چمکتی دمکتی اینسٹن کو دیکھ کر مداح اکثر یہی سوچتے ہیں کہ آخر یہ جادو کیسے ہے؟
اپنے نئے ڈرامہ سیریل The Morning Show کے سیزن 4 کی ریلیز سے پہلے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ بڑھاپے کو شکست دینے کی کنجی صرف ایک ہے کہ خود سے محبت، مثبت سوچ اور کبھی ہمت نہ ہارنا۔
جینیفر نے مذاق میں کہا کہ وہ خود کو صرف قسمت پر نہیں چھوڑ دیتیں، بلکہ جم میں پسینہ بہاتی ہیں، روزانہ ورزش کرتی ہیں، اور فیشلز و اسکن ٹریٹمنٹ سے بھی گریز نہیں کرتیں۔
انھوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ میں بس ایسے ہی نہیں بیٹھ جاتی کہ سفید بال آ کر مجھے شکست دیں۔ جوان رہنے کا اصل راز ذہنیت ہے۔ اگر آپ کا رویہ مثبت ہو تو بڑھاپا بھی نیا فیشن لگنے لگتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ اپنے شو کے نئے سیزن کو زچگی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ
ہر سال کہتی ہوں اب بس، لیکن پھر بھول جاتی ہوں اور شو میں واپسی کر لیتی ہوں۔
واضح رہے کہ جینیفر اینسٹن نے 2015 میں مانا تھا کہ وہ بوٹوکس آزما چکی ہیں اور اپریل 2025 میں بتایا تھا کہ روزانہ کی ورزش ان کے دن کا لازمی حصہ ہے۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ اینسٹن واقعی وقت کو پیچھے چھوڑ دینے والی “جادوگرنی” لگتی ہیں۔