ریلوے اسٹیشنز پر مکہ مدینہ کی طرح صفائی کرنیوالی مشینیں لگائی ہیں: حنیف عباسی

وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے ہم نے مختلف ریلوے اسٹیشنز پر صفائی ستھرائی کے لیے وہ مشینیں لگائی ہیں جیسی مکہ مدینہ میں ہوتی ہیں۔

حنیف عباسی کی میڈیا سے گفتگو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہر ریلوے ڈویژن میں جاکر یہ بات واضح کر دی ہے کہ بغیر ٹکٹ جو سفر کرے گا اور جو سفر کروائے گا دونوں جیل جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا ریلوے میں جو مفت خورے والا چکر تھا کہ 4 ٹکٹ مجھے دلوا دیں، 6 ٹکٹ مجھے دلوا دیں یہ کلچر بھی ہم نے ختم کر دیا ہے، مجھے ایک قریبی جاننے والے نے فون کیا کہ فلاں بندہ ہے اس کے داماد اور بیٹی نے گرین لائن میں کراچی جانا ہے ٹکٹ چاہئیں، میں کہا 20 ہزار روپے اسے دیں اور کہیں جاکر ٹکٹ لے اور چلا جائے، اب یہ طریقہ نہیں چلے گا کہ وزیر یا چیئرمین صاحب کے گھر سے کوئی فون کر کے کہے کہ دو ٹکٹ اس کو دیدیں، چار ٹکٹ اس کو دیدیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ساتھ ہم سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ایک معاہدہ کرنے جا رہے ہیں تاکہ واشنگ لائن میں ہماری گاڑیاں اچھی طرح سے صاف ہوں، آپ حیران ہوں گے کہ ہماری گاڑیوں میں کھٹمل بھی ہیں اور مچھر بھی ہیں، ہم کھٹمل اور مچھر بھی نہیں مار سکے، پنڈی میں ہم نے واشنگ لائن آؤٹ سورس کی، 3 گھنٹے میں دھلنے والی ریل کار اب ڈیڑھ گھنٹے میں دھل رہی ہے، اس میں فیومیگیشن ہو رہی ہے، وہی ماڈل لاہور میں ہے اور اسی ماڈل کو کراچی میں لا رہے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا اس وقت خانیوال، لاہور، ملتان، اوکاڑہ اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشن پر آپ کو وہ صفائی ستھرائی ملے گی جس طرح کی صفائی مکہ مدینہ میں مشینوں کے ساتھ ہوتی ہے، وہاں آپ کو مٹی نظر نہیں آئے گی، واش رومز صاف ملیں گے، ریلوے اسٹیشنز بھی صاف نظر آئییں گے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا ایک وقت تھا جب پنڈی سے لاہور تک چلنے والی ہماری ریل کار کا بڑا نام تھا لیکن اب اس کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے، خانیوال سے لاہور ہمارا بہت ہی منافع بخش روٹ ہے اس پر بھی نئی کوچز لا رہے ہیں۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة