
سابق انٹرنیشنل امپائر فیض محمد کی ایف آئی ایچ امپائرنگ کمیٹی میں دوبارہ تقرری پاکستان ہاکی کیلیے ایک اعزاز ہے۔
پشاور سے تعلق رکھنے بین الاقوامی شہرت یافتہ سابق انٹرنیشنل امپائر اور موجودہ ایف آئی ایچ امپائرز مینیجر و ایجوکیٹر فیض محمد کو ایک بار پھر اگلے دو سال کے لیے ایف آئی ایچ امپائرنگ کمیٹی میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
وہ اس وقت ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) امپائرنگ کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔
یہ تقرری پاکستان ہاکی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دی جا رہی ہے۔
گزشتہ دو برسوں کے دوران فیض محمد نے امپائرنگ کے معیار کو بلند کرنے، پورے ایشیا میں ترقی اور تربیتی پروگرامز شروع کرنے اور امپائر مینیجرز اور آفیشلز کو مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ان کی انتھک محنت نے ایشین امپائرنگ کو عالمی سطح پر نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
فیض محمد نے ہاکی کے ہر میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
ان کی خدمات کے پیش نظر ان کی تقرری اس امر کی غماز ہے کہ پاکستان کی انٹرنیشنل ہاکی کے لیے اہمیت کسی بھی طور کم نہیں ہوئی ہے۔