
امریکی وزیر تجارت باورڈ لوٹنک کاکہنا ہےکہ آئندہ ایک سے دو ماہ میں بھارت مذاکرات کی میز پر آکر صدر ٹرمپ سے معافی مانگےگا۔
وزیر تجارت نے بلومبرگ ٹی وی کو دیےگئے انٹرویو میں کہا کہ میرا خیال میں بھارت مذاکرات کی میز پر آکر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ڈیل کرنے کی کوشش کریں گے اور پھر یہ صدر ٹرمپ پر ہوگا کہ وہ بھارت سے کیسے ڈیل کرتے ہیں۔
امریکی وزیرتجارت نے بھارت پر عائد اضافی 25 فیصد ٹیرف ہٹانےکےلیے 3 شرائط رکھ دیں۔
وزیر تجارت باورڈ لوٹنک کاکہنا تھاکہ بھارت کو روس سے تیل خریدنا بند کرنا ہوگا، برکس اتحاد چھوڑنا ہوگا اور امریکا کی حمایت کرنا ہوگی۔
انہوں نے بھارت کو پیغام دیا کہ وہ یا تو ڈالر اور امریکا کو سپورٹ کرے یا 50 فیصد ٹیرف برداشت کرے۔
یاد رہےکہ بھارتی وزیرِ تجارت پیوش گوئل نے نومبر تک امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی معاہدہ طے پانے کی امید ظاہر کی تھی تاہم 25 اگست کو امریکی مذاکراتی ٹیم کا نئی دہلی کا دورہ ملتوی ہونےکے بعد اب تک کسی نئے دورے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
چند روز قبل صدر ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی معاملات پر کہا تھا کہ بھارت نے اپنے محصولات کو صفر کرنے کی پیشکش کی ہے لیکن اب بہت دیر ہوچکی، یہ پیش کش کئی سال پہلے کر دینی چاہیے تھی۔