
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی صرف اسی صورت ممکن ہے جب حماس تمام یرغمالیوں کو رہا کرے اور ہتھیار ڈال دے۔
اسرائیلی وزیر خارجہ کے مطابق اگر حماس یہ شرائط مان لے تو جنگ فوری طور پر ختم ہو سکتی ہے۔ تاہم فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیل کی شرط کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہتھیار نہیں ڈالے گی، اور صرف اس صورت میں یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا جب اسرائیل غزہ سے اپنی فوج واپس بلائے اور حملے بند کرے۔
ادھر غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری نہ تھم سکی۔ قابض فوج نے ایک اور بلند عمارت کو نشانہ بنایا جس کے بعد تین دن میں تباہ ہونے والی عمارتوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تازہ فضائی حملوں میں مزید 65 فلسطینی شہید ہوگئے، یوں مجموعی ہلاکتیں 64 ہزار 368 تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 776 بتائی جا رہی ہے۔