
واشنگٹن: امریکی ایئر فورس کے بریگیڈیئر جنرل شریفل ایم خان کو پینٹاگون کے “گولڈن ڈوم” منصوبے کا ڈائریکٹر آف اسٹاف مقرر کر دیا گیا ہے، جسے امریکا کا آئرن ڈوم بھی کہا جاتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ منصوبہ جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹمز کی تیاری اور تنصیب کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔ شریفل خان پہلی بار کسی مسلم اور بنگلا دیشی نژاد افسر کے طور پر اس ذمہ داری پر فائز ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق وہ صنعتوں، یونیورسٹیوں، نیشنل لیبز اور سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے اس منصوبے کی حکمت عملی اور پالیسیوں کی نگرانی کریں گے۔
بریگیڈیئر جنرل خان نے 1997 میں یو ایس ایئر فورس اکیڈمی سے گریجویشن کی اور اسپیس سسٹمز، سیٹلائٹ آپریشنز اور نیشنل مشنز میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ مشرقِ وسطیٰ میں دو بار تعینات رہ چکے ہیں اور اپنی خدمات پر متعدد عسکری اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔