
جکارتہ: انڈونیشیا کے جزیرہ جاوا میں ایک کمیونٹی ہال کی عمارت گرنے سے کم از کم 3 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ مغربی جاوا کے ضلع بوگور میں اس وقت پیش آیا جب تقریباً 100 افراد، جن میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں، میلاد النبیؐ کے موقع پر قرآن خوانی کے لیے جمع تھے۔
مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے افسر محمد آدم حمدانی کے مطابق ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 84 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
حکام کے مطابق عمارت زیادہ رش کی وجہ سے دباؤ برداشت نہ کر سکی اور اچانک منہدم ہو گئی۔ زخمیوں میں زیادہ تر کو معمولی چوٹیں آئیں اور سب افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔