
کراچی:
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیلاب کی تباہ کاریوں سے افراط زر کی شرح بڑھنے، شرح سود میں غیر متوقع طور پر اگلے دو سہ ماہیوں میں کمی نہ ہونے کے خدشات اور متعدد اہم ممالک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بدھ کو بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
پاکستان اور چین کے درمیان ساڑھے 8 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدوں، سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی آمد میں اضافے کا تسلسل برقرار رہنے کی امیدوں اور اچھے معاشی اشاریوں کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 26پیسے کی کمی سے 281 روپے 35پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن اختتامی لمحات سے قبل اچانک طلب بڑھنے سے ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 281روپے 60پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 10پیسے کی کمی سے 282روپے 80پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔