
ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات کے حوالے سے حتمی میڈیکولیگل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ماڈل کے کپڑوں پر خون کے نشانات ملے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی فائنل میڈیکو لیگل رپورٹ تیار کرلی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حمیرا کے کپڑوں پر خون کے دھبے ملے، ٹی شرٹ اور ٹراؤزر پر خون کے نشانات ملے ہیں اور خون کے دھبے سے ناکافی انسانی ڈی این اے ملا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حمیرا کی لاش بھی مکمل نہیں تھی، صرف ہڈیاں تھیں، تمام ہڈیاں صحیح سلامت تھیں مگر جسمانی اعضا نہیں ملے۔
میڈیکولیگل رپورٹ کے مطابق جسمانی اعضا نہ ملنے کے باعث وجہ موت معلوم نہیں ہوسکی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ بلڈ اور ڈی این اے کے حوالے سے کوئی ڈیٹا بینک موجود نہیں ہے، اگر ایسی سہولیات دستیاب ہوتیں تو کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت ممکن تھی۔
میڈیکولیگل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کی لاش سے کسی قسم کے نشہ آور اور زہریلی چیز کے شواہد نہیں ملے۔