
کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اُڑان کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں انڈیکس آج بھی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بدھ کے روز بازار حصص میں کاروبار کا آغاز 121 پوائنٹس کی مندی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس ایک لاکھ 56 ہزار 411 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ بعد ازاں مارکیٹ میں تیزی کا رجحان پیدا ہوا اور 456 پوائنٹس کے اضافے کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 57 ہزار 028 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد قائم ہونے کے ساتھ ہی تیزی کا رجحان غالب رہا، جس کے بعد بتدریج انڈیکس میں 465 اور 675 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں انڈیکس بالترتیب ایک لاکھ 57 ہزار 238 اور پھر ایک لاکھ 57 ہزار 349 پوائنٹس کی نئی ریکارڈ ساز سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سے اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان جاری ہے، جہاں انڈیکس کی بلندی کے مسلسل نئے ریکارڈز قائم ہو رہے ہیں۔