چین میں ایک نوجوان نے انٹرنیٹ کی مدد سے راکٹ بناکر اسے اڑانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
وسطی چینی صوبے ہونان سے تعلق رکھنے والا 18 سالہ زینگ شیجی ایک گاؤں کا رہائشی ہے۔
14 سال کی عمر میں اسے راکٹ بنانے کا شوق اس وقت ہوا جب اس نے ایک راکٹ لانچ کی براہ راست نشریات کو اپنے والد کے ساتھ دیکھا۔
حال ہی میں اس نوجوان نے اعلان کیا کہ اسے چین کی ایک معتبر Shenyang ائیرو اسپیس یونیورسٹی میں ائیرو اسپیس انجینئرنگ کے شعبے میں داخلہ ملا ہے۔
اس نوجوان کو پہلے راکٹ بنانے کے طریقہ کار کے بارے میں کچھ علم نہیں تھا۔
تو اس نے چین میں کام کرنے والے ٹک ٹاک کے ورژن Douyin کا رخ کیا، جہاں خود راکٹ بنانے کے بارے میں تعلیم دینے والی ویڈیوز موجود ہیں۔
زینگ کو اسکول میں تعلیم دینے والے استاد لونگ یان جیاؤ کے مطابق انٹرنیٹ نے زینگ کے شوق کو پروان چڑھانے میں بہت زیادہ مدد فراہم کی، خاص طور پر جب گاؤں کے اسکول کے وسائل محدود تھے۔
اردگرد دستیاب ہر ٹول کو استعمال کرکے زینگ نے اپنی صلاحیت کو بہتر بنایا۔
اس نے اپنی بہن کے پرانے لیپ ٹاپ کو ری سائیکل کیا اور جانوروں کے فضلے سے نائٹریٹ لے کر اسے کچن میں چینی اور پانی کے ساتھ پکایا، تاکہ راکٹ کا ایندھن تیار ہوسکے۔

مگر پھر اسے احساس ہوا کہ یہ ایندھن خالص نہیں، تو اس نے اسکول میں سکھائے گئے سبق کے مطابق کھاد کو فلٹر کرکے خالص ایندھن تیار کیا۔
اسی طرح پی وی سی ٹیوب اور سیمنٹ وغیرہ کو راکٹ انجن کی تعمیر کے لیے استعمال کیا۔
شروع میں تو اس کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں اور پھر اس نے خود 3 ڈی ماڈلنگ اور ڈیزائن سافٹ وئیر کو استعمال کرنا سیکھ کر ایک پرانا 3 ڈی پرنٹر خرید لیا۔
جون 2023 میں اس نے پہلے راکٹ لانچ کا تجربہ کیا جس کے لیے زینگ نے والد اور اسکول کے دوستوں کو مدعو کیا۔
اس موقع پر بارش کی وجہ سے راکٹ کا تجربہ ناکام ہوا مگر اگلے دن اس نے کامیابی سے راکٹ کو لانچ کیا۔
100 سے زائد کوششوں کے بعد زینگ نے 4 اقسام کے انجن، متعدد سنگل اسٹیج راکٹ اور ایک 2 اسٹیج راکٹ کو تیار کیا۔
2 اسٹیج راکٹ سطح زمین سے 400 میٹر بلندی پر جانے میں کامیاب رہا۔
زینگ کے اسکول نے بھی اس کی حوصلہ افزائی کے لیے ساڑھے 3 ہزار یوآن کا سرمایہ فراہم کیا جبکہ تجربات کے لیے ایک جگہ بھی دی۔
زینگ کے خاندان نے بھی اس کے شوق میں مکمل معاونت فراہم کی ۔
اب یونیورسٹی میں داخلے کے بعد زینگ نے اپنا بنیادی مقصد بتایا ہے اور وہ ہے ایک حقیقی راکٹ کو ڈیزائن کرنا۔