پاکستان میوزک انڈسٹری کے عالمی شہرت یافتہ ریپر طلحہ انجم کے کنسرٹ میں ایک مرتبہ پھر اسٹیج پر بوتل پھینکنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس پر گلوکار نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ایک حالیہ کنسرٹ میں کسی نوجوان نے طلحہ انجم پر شیشے کی بوتل پھینک دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ طلحہ انجم نے اس طرح کے سلوک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے ہی ملک میں لوگ اس طرح سلوک کرتے ہیں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ میں بنگلہ دیش گیا، کینیڈا گیا، بھارتی مداح نے میرے پاؤں چھو کر بولا کیا لکھتے ہو کیا گاتے ہو مگر میرے اپنے ملک میں میرے ساتھ ایسا کیا جاتا ہے جس پر دکھ ہوتا ہے۔
طلحہ انجم نے مزید کہا کہ اگر میں ابھی کنسرٹ چھوڑ کر چلا جاؤں تو کوئی کیا کرلے گا؟ گلوکار نے کنسرٹ میں موجود مداحوں سے کہا کہ بوتل پھینکنے والا اپنی اوقات دکھا رہا ہے آپ اسے میری اوقات بتاؤ جس پر مداحوں نے گلوکار کا ساتھ دیتے ہوئے انہیں خوب سراہا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی طلحہ انجم پر کئی مرتبہ کنسرٹ کے دوران بوتل پھینکی جاچکی ہے جس پر انہوں نے شدید ردعمل دیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کا بھی کہنا ہے کہ ہماری نوجوان نسل کو فنکاروں کی عزت کرنی چاہیئے۔

