بالی ووڈ کی کوئین آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی اداکارہ جھانوی کپور نے اپنے بارے میں وائرل ہونے والی کاسمیٹک سرجری کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اُنہوں نے کوئی ’’بفیلو پلاسٹی‘‘ نامی کاسمیٹک سرجری نہیں کروائی۔
ایک ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے جھانوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کچھ ’’خود کو ڈاکٹرز کہنے والے یوٹیوبرز‘‘ نے اُن کے چہرے کا تجزیہ کر کے دعویٰ کیا کہ اُنہوں نے یہ سرجری کروائی ہے، جو دراصل ایک من گھڑت کہانی ہے۔
یاد رہے کہ بفیلو پلاسٹی یا ’بل ہارن لپ لفٹ‘ ایک ایسی سرجری کو کہا جاتا ہے جس میں ناک اور اوپری ہونٹ کے درمیان کی جگہ کو معمولی سا کم کیا جاتا ہے تاکہ ہونٹ قدرتی طور پر بھرے ہوئے دکھائی دیں۔
جھانوی کپور نے اس طرح کی افواہوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ویڈیوز نوجوان لڑکیوں پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا، ’’اگر کوئی کم عمر لڑکی اس طرح کی باتوں پر یقین کر کے غیر محفوظ طریقہ اختیار کرے تو یہ بہت خطرناک ہوگا‘‘۔
اداکارہ نے زور دیا کہ خوبصورتی بڑھانے سے متعلق معاملات میں آگاہی ضروری ہے تاکہ لوگ سوشل میڈیا کے گمراہ کن دعوؤں سے بچ سکیں اور کوئی ایسی سرجری نہ کروا بیٹھیں جس کو کسی اداکارہ کے نام کے ساتھ جوڑا گیا ہو۔

