بھارتی کرکٹ بورڈ (bcci) نے اندور میں آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم کی دو کھلاڑیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے سے بھارت کا تشخص مجروح ہوا ہے۔
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ خواتین کرکٹرز کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔
یہ پورا واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم تمام ضروری اقدامات کریں گے اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور ملزم کو فوری گرفتار کرنے پر مدھیا پردیش پولیس کی تعریف کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، اس طرح کے واقعات سے بدنامی ہوتی ہے، ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے فوری کارروائی کرنے پر ہم ریاستی پولیس کو سراہتے ہیں،ملزم کو سزا کے لیے قانون خود اپنا راستہ لے گا۔

