
فوٹو بشکریہ مقامی مٰیڈیا
جمعرات 31 جولائی 2025, 11:57 شام
اہم خبریں, قومی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے ریاست نے دہشت گردی کے خلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت انسداد دہشت گردی و ریاستی رٹ کے قیام سے متعلق قائم اسٹیرنگ کمیٹی کا جائزہ اجلاس ہوا۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک اور دیگر وزرا و حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی کو مؤثر بنانے اور اس ضمن میں کمیٹی کی سفارشات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہادر افواج کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ دنیا دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیاب کاروائیوں کی معترف ہے۔ پاکستان کی بہادر افواج نے آپریشن ردُالفساد اور ضربِ عضب میں دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور حالیہ تاریخ ساز معرکۂ حق میں دنیا نے پاکستان کی فتح کو تسلیم کیا۔فتنتہ الہندوستان، فتنتہ الخوارج اور اس طرح کی دوسرے سماج دشمن عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت جامع، مؤثر اور قابلِ عمل حکمت عملی پر کام کررہی ہے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ سمگلنگ کی روک تھام سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ، دہشت گردی سے پاک اور پُرامن مضبوط ریاستی ڈھانچہ ہی بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرتا ہے۔