
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے آئندہ آنے والے سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنا ہے، پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے۔
نارووال میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی و صوبائی وزراء اور این ڈی ایم اے حکام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا بارشوں سے گلگت بلتستان اور کے پی میں بہت جانی و مالی نقصان ہوا جبکہ پنجاب کےمیدانوں سے شدید طغیانی گزر رہی ہے، سیلاب سے انسانی جانوں کے ضیاع پر ہم سب کو افسوس ہے۔
ان کا کہنا تھا پنجاب حکومت، ریسکیو، پولیس، محکمہ ایری گیشن دن رات کام کر رہےہیں، جس پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، ٹیم ورک کی وجہ سے نقصان کو کم سے کم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 2022 میں اس طرح کی آفت آئی اور تباہی ہوئی، 2022 کی تباہی کا مرکزی نشانہ سندھ اور بلوچستان تھا، لاکھوں ایکڑ پر کاشت تیار فصلیں تباہ ہو گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، آئندہ آنے والے سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا پانی کے نئے ذخائر کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے، پانی ذخیرہ کرنے کے لیے اپنے وسائل کو بروئے کار لانا ہو گا، ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کرنا ہوگا، ہمارے پاس کئی نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔