مشہور اطالوی فیشن ڈیزائنر ’’جورجیو ارمانی‘‘ انتقال کرگئے

دنیا بھر میں فیشن اور لگژری کی پہچان سمجھے جانے والے برانڈ ’ارمانی‘ کے بانی اور معروف اطالوی ڈیزائنر جورجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ارمانی گروپ نے 4 ستمبر کو اپنے انسٹاگرام پیج پر جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ بیان کے مطابق ارمانی اپنے آخری ایام تک اپنے کام سے جڑے رہے اور اپنے پیاروں کے درمیان پُرسکون انداز میں اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ انہیں ان کے ملازمین اور ساتھی ہمیشہ احترام اور محبت کے ساتھ یاد کرتے رہیں گے۔

کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ ارمانی نئے کلیکشنز اور آئندہ منصوبوں کے لیے آخری وقت تک سرگرم رہے۔ انگریزی اور اطالوی زبان میں جاری بیان میں کہا گیا کہ ارمانی گروپ میں کام کرنے والے ملازمین ہمیشہ خود کو ایک خاندان کا حصہ سمجھتے تھے۔ ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ان کی آخری رسومات 6 ستمبر کو نجی طور پر ادا کی جائیں گی۔

1975 میں اپنے نام سے برانڈ متعارف کرانے والے جورجیو ارمانی نے ابتدا میں مردانہ لباس کے محدود مجموعے سے سفر شروع کیا، لیکن دیکھتے ہی دیکھتے اسے ایک عالمی فیشن سلطنت میں بدل دیا۔ ان کا برانڈ نہ صرف کپڑوں بلکہ جوتوں اور دیگر لگژری مصنوعات کے باعث بھی دنیا بھر میں مشہور ہے، جن کی قیمتیں لاکھوں میں ہیں۔

فیشن کی دنیا میں ارمانی نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کاروباری حکمتِ عملی کے ساتھ جوڑا اور ایک ایسی کمپنی قائم کی جو آج سالانہ تقریباً 2.3 بلین یورو کا کاروبار کرتی ہے۔ وہ جدید اطالوی فیشن اور سادگی کی خوبصورتی کے مترادف مانے جاتے تھے۔

کچھ عرصے سے علیل رہنے کے باعث وہ جون میں میلان مینز فیشن ویک کے دوران اپنے برانڈ کے شوز میں شریک نہیں ہو سکے، جو ان کے طویل کیریئر میں پہلا موقع تھا کہ وہ اپنے ہیٹ واک ایونٹس سے غیر حاضر رہے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة