۔102 سال کی عمر میں ماؤنٹ فیوجی کو سر کرنیوالا معمر ترین فرد

کوکیشی اکیوازہ 102 سال کی عمر میں جاپان کے ماؤنٹ فیوجی کو سر کرنے والے دنیا کے معمر ترین شخص بن گئے۔

درحقیقت ایک موقع پر تو وہ ہمت ہار کر واپس جانے والے تھے مگر پھر اپنا سفر جاری رکھا۔

ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج کیا گیا ہے۔

کوکیشی اکیوازہ نے بتایا کہ ‘آدھے راستے پر میں ہمت ہار کر واپس جانے والا تھا کیونکہ چوٹی پر پہنچنا بہت مشکل لگ رہا تھا، مگر میرے دوستوں نے میری حوصلہ افزائی کی اور میں چوٹی تک پہنچنے میں کامیاب رہا’۔

انہوں نے اس چوٹی کو اپنی 70 سالہ بیٹی موٹوئی، نواسی اور اس کے شوہر اور کوہ پیمائی کلب کے 4 دوستوں کے ساتھ سر کیا۔

اس گروپ نے پہلے 2 راتوں تک کیمپ میں قیام کیا اور 5 اگست کو ماؤنٹ فیوجی کی چوٹی پر جانے کا سفر شروع کیا۔

یہ جاپان کی بلند ترین چوٹی ہے جو 3776 میٹر بلند ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ‘میں خود سے متاثر ہوں کہ کوہ پیمائی میں کامیاب رہا، میں نے اپنی عمر کو مجبور نہیں سمجھا کیونکہ جب تک آپ میں ہمت ہے آپ کوہ پیمائی کرسکتے ہیں’۔

102 سال کی عمر میں ماؤنٹ فیوجی کو سر کرنیوالا معمر ترین فرد

یہ پہلی بار نہیں جب انہوں نے ماؤنٹ فیوجی کو سر کیا، اس سے قبل 96 سال کی عمر میں انہوں نے پہلی بار جاپان کی اس بلند ترین چوٹی کو سر کیا تھا۔

اس موقع پر بھی انہیں اس چوٹی کو سر کرنے والا معمر ترین فرد قرار دیا گیا تھا۔

گزشتہ 6 سال کے دوران انہیں ہارٹ فیلیئر سمیت دیگر امراض قلب کا سامنا ہوا جبکہ ایک کوہ پیمائی مہم کے دوران گرنے پر جسم میں ٹانکے بھی لگائے گئے۔

102 سال کی عمر میں ماؤنٹ فیوجی کو دوبارہ سر کرنے کے لیے کوکیشی اکیوازہ نے 3 ماہ تک تربیت حاصل کی۔

وہ صبح 5 بجے 4 گھنٹے چہل قدمی کے لیے نکلتے تھے اور ہر ہفتے وسطی جاپان میں Nagano کے اردگرد موجود ایک پہاڑی کو سر کرتے تھے۔

جاپان کے علاقے Maebashi سے تعلق رکھنے والے کوکیشی اکیوازہ کے مطابق 88 سال قبل پہلی بار انہیں کوہ پیمائی میں دلچسپی محسوس ہوئی تھی۔

102 سال کی عمر میں ماؤنٹ فیوجی کو سر کرنیوالا معمر ترین فرد

انہوں نے بتایا کہ ‘میں اس لیے چوٹیاں سر کرتا ہوں کیونکہ یہ مجھے پسند ہے، پہاڑوں پر دوست بنانا بہت آسان ہوتا ہے’۔

کوکیشی اکیوازہ پہلے انجن ڈیزائن انجینئر کے طور پر کام کرتے تھے اور بعد میں لائیو اسٹاک کے شعبے سے جڑ گئے جہاں وہ 85 سال کی عمر تک کام کرتے رہے۔

پہلے وہ تنہا کوہ پیمائی کرنا پسند کرتے تھے مگر عمر میں اضافے کے ساتھ جسمانی مضبوطی میں کمی آئی تو پھر وہ دیگر افراد کے ساتھ ایسا کرنے لگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ماؤنٹ فیوجی کوہ پیمائی کے لیے مشکل پہاڑ نہیں، مگر اس بار اسے سر کرنا 6 سال پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل تھا، میں نے کبھی خود کو اتنا کمزور محسوس نہیں، پہلے کبھی مجھے اتنی تکلیف نہیں ہوئی’۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ‘میں ہمیشہ کوہ پیمائی کرنا پسند کروں گا، مگر میرے خیال میں اب مزید ایسا نہیں کرسکوں گا’۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة