
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنگ 1965 کے 60 سال بعد اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور مٹی میں ملایا، ملک کے نہ صرف جغرافیائی بلکہ سفارتی اور معاشی محاذ پر بھی پاک فوج کی قیادت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
یومِ دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جناح ہال قلعہ سیالکوٹ میں منعقد ہوئی، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ہلالِ استقلال کی تبدیلی کی رسم ادا کی، اسٹیشن کمانڈر، ارکان اسمبلی، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او تقریب میں شریک ہوئے، پولیس، ریسکیو 1122 اور شہری دفاع کے رضاکاروں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص جیسے واقعات قوموں کی زندگی کو جلا بخشتے ہیں، جنگ 1965 کے 60 سال بعد اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا غرور مٹی میں ملایا، افواج پاکستان ملک و قوم کا تحفظ اپنے خون سے کررہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فوج میں شہادت کا جذبہ اپنے عروج پر ہے، شہادت کے جذبے کے باعث ملک ناقابل تسخیر ہوچکا ہے، ملک کے نا صرف جغرافیائی بلکہ سفارتی اور معاشی محاذ پر پاک فوج کی قیادت اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے، ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔
تقریب کے آخر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔