
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ کو موجودہ ٹیم کی بھرپور سپورٹ کرنی چاہیے، کیونکہ مضبوط حریف کے خلاف یہی حوصلہ افزائی ٹیم کے لیے سب سے بڑا سہارا بن سکتی ہے۔
عمر گل کا کہنا تھا کہ بھارت کی ٹیم اس وقت کافی مضبوط نظر آرہی ہے، تاہم ٹی ٹوئنٹی میں آپ ایک اچھی بیٹنگ اور بولنگ سے بھی میچ جیت سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جتنے بھی بڑے ٹورنامنٹ جیتے گے وہ بولرز نے ہی جتوانے ہیں، ڈیتھ اوور میں ہمیں اپنے بولرز پر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ ڈیتھ اوورز میں پاکستانی بولرز کو مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہی مرحلہ میچ کے فیصلے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان کی غیرموجودگی کے حوالے سے عمر گل نے کہا کہ فینز اس ایونٹ میں بابر اور رضوان کے ساتھ ساتھ بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما کو بھی یاد کریں گے، مگر ٹیم کو ہر حال میں سپورٹ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز میں ہماری کارکردگی زیادہ اچھی نہیں ہوگی لیکن بڑے ایونٹس میں ٹیم اگر بولرز پر کام کیا جائے تو جیت ممکن ہے۔