
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اگست کے مہینے میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب 10 کروڑ امریکی ڈالر ترسیلات زر بھیجیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اگست 2025ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 3.1 ارب امریکی ڈالر کی آمد ہوئی، نمو کے لحاظ سے ترسیلاتِ زر میں سال بسال بنیادوں پر 6.6 فیصد اضافہ ہوا۔
اعلامیے کے مطابق مجموعی طور پر مالی سال 26ء کے پہلے دو ماہ کے دوران 6 ارب 40 کروڑ امریکی ڈالر موصول ہوئے جو گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملنے والی 5 ارب 90 کروڑ ڈالر ترسیلات سے 7 فیصد زیادہ ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق سب سے زیادہ 73 کروڑ 67 لاکھ ڈالر کی ترسیلات سعودی عرب سے آئیں، اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 62 کروڑ 29 لاکھ، برطانیہ سے 46 کروڑ 34 لاکھ، امریکا سے 26 کروڑ 73 لاکھ ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں۔