
افغانستان کی طالبان حکومت نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے سفاکانہ اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ترجمان افغان حکومت ذبیح اللہ مجاہد کے بیان کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دوحہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر کو نشانہ بنایا، جس میں کئی افراد شہید ہوئے۔ طالبان حکومت نے فلسطین اور شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل بار بار عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور مسلسل جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے جبکہ عالمی ادارے اور طاقتور ممالک خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جو افسوسناک ہے۔
افغان طالبان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم کو فوری طور پر روکا جائے، ریاستوں کی خودمختاری کا احترام کیا جائے اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف بربریت ختم کی جائے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے دوحہ میں حماس کے دفتر پر اس وقت حملہ کیا جب قیادت غزہ جنگ بندی معاہدے پر مشاورت کے لیے جمع تھی۔