قومی بیانیے کی تشکیل کیلیے ’’قومی پیغام امن‘‘ کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری

وزارت اطلاعات و نشریات نے قومی بیانیے کی تشکیل کے لیے قومی پیغام امن کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق یہ کمیٹی قومی کمیٹی برائے تشکیل بیانیہ کی ذیلی کمیٹی ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قومی پیغام امن کمیٹی کو یہ ذمے داری دی گئی ہے کہ وہ انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ واریت اور نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر متفقہ بیانیہ تیار کرے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کریں گے۔

کمیٹی میں مختلف مکاتب فکر کے جید علما، مشائخ، اقلیتوں کے نمائندگان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام شامل کیے گئے ہیں۔  اراکین میں سینیٹر حافظ عبدالکریم، مفتی عبدالرحیم، علامہ عارف حسین واحدی، پیر نقیب الرحمان، علامہ محمد حسین اکبر اور ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی شامل ہیں۔

مولانا طاہر محمود کو کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے جب کہ مولانا طیب پنج پیری اور علامہ ضیا اللہ شاہ بخاری بھی ارکان میں شامل ہیں۔

اقلیتوں کی نمائندگی کے لیے بشپ آزاد مارشل، راجیش کمار ہرداسانی اور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کمیٹی میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی و علاقائی پیغام امن کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹرز، منظور شدہ مدارس بورڈز کے نمائندگان، وزارت داخلہ اور وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکریٹریز کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیمات (ڈی جی آر ای) بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ کمیٹی کے سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

کمیٹی اپنی پہلی میٹنگ میں تفصیلی ضوابط کار (ٹی او آرز) مرتب کرے گی اور بعد ازاں یہ ضوابط نیشنل کمیٹی آن نیریٹو بلڈنگ کی منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة