
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر 4 مرحلے میں پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کو ایک بار پھر نظر انداز کرتے ہوئے میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملایا۔
14 ستمبر کو ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان گروپ اسٹیج کے میچ میں ہینڈ شیک تنازع سامنے آیا جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی ٹیم نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
ٹاس کے دوران بھی دونوں کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا اور میچ کے بعد بھی یہی صورتحال رہی۔ یہاں تک کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے میچ کے اختتام پر آفیشلز سے بھی ہاتھ نہیں ملایا۔
تاہم اب اتوار کو سپر 4 مرحلے میں بھارت اور پاکستان کے میچ میں بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی درخواست پر تھوڑا سا پروٹوکول بدلا گیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گمبھیر نے بھارتی کھلاڑیوں کو میچ کے بعد ڈریسنگ روم سے بلایا اور گراؤنڈ میں امپائروں سے ہاتھ ملانے کا کہا۔