
محکمہ صحت سندھ نے رواں سال کانگو وائرس سے پانچویں ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے رواں سال کانگو سے پانچویں ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ کراچی کے علاقے لانڈھی سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ قصاب زبیر جان لیوا کانگو وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔
زبیر کو 24 ستمبر کو تیز بخار، قے، خون کی الٹیاں اور پاخانے میں خون آنے کی شکایات کے ساتھ جناح اسپتال لایا گیا جہاں فوری طور پر انہیں آئسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا۔
تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور اسی دن دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریض کے جسم میں خون کی کمی شدید تھی، بلڈ پریشر نہایت کم اور دل کی دھڑکن تیز تھی جس کے باعث تمام تر کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا۔
محکمہ صحت سندھ نے زبیر کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ بطور قصاب جانوروں اور ان پر موجود چیچڑیوں کے براہِ راست رابطے میں رہتے تھے جس سے وہ وائرس کا شکار ہوئے۔
طبی ماہرین نے قصابوں اور لائیو اسٹاک میں کام کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ جانوروں کے ساتھ کام کرتے وقت دستانے اور حفاظتی لباس لازمی استعمال کریں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کو اچانک تیز بخار، سر درد، جسم میں درد، قے یا خون بہنے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔