شاہین آفریدی کی کپتان سلمان آغا تلخ کلامی؟ پی سی بی نے افواہوں کو سازش قرار دیا

  • 18 220x150

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک واضح اور جامع بیان جاری کردیاہے۔

پی سی بی نے شاہین آفریدی اور ٹیم کے کپتان سلمان آغا یا کوچنگ اسٹاف کے درمیان مبینہ تلخ کلامی کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

بورڈ کے مطابق ٹریننگ سیشنز یا پریکٹس کے دوران اس نوعیت کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ پی سی بی نے ان خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے اسے ٹیم کے ماحول کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ افواہیں ٹیم کے اندر انتشار پھیلانے اور کھلاڑیوں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی ایک گھناؤنی سازش کا حصہ ہیں۔ پی سی بی نے اسے سنگین کردار کشی قرار دیتے ہوئے ایسی جھوٹی خبروں کے پیچھے موجود افراد اور اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

بورڈ کے مطابق، اس کارروائی میں ہتک عزت اور سائبر کرائم سے متعلق قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے، اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پی سی بی نے میڈیا، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر مصدقہ اور جھوٹی خبروں سے مکمل طور پر گریز کریں اور قومی ٹیم کے وقار کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔ بورڈ نے شائقین سے کہا ہے کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی معلومات پر بھروسہ کریں تاکہ کرکٹ کے مثبت ماحول کو فروغ دیا جا سکے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة