
اسرائیلی فوج کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات ناکام ہوئے تو غزہ میں لڑائی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔
اسرائیلی کمانڈرز سے خطاب میں آرمی چیف ایال ضمیر کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی نہیں بلکہ آپریشنل صورتحال میں تبدیلی ہورہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ نے کہا کہ عسکری کارروائیوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سیاسی سطح پر مذاکرات میں استعمال کیا جا رہا ہے، اگر سیاسی کوشش کامیاب نہیں ہوئی تو ہم لڑائی میں واپس آ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل جارحانہ کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے، ہر میدان میں دشمن کو تباہ کر رہا ہے اور پورے مشرق وسطیٰ میں حقیقت بدل رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر نے بھی دھمکی دی تھی کہ اگر حماس نے غزہ کا کنٹرول چھوڑنے سے انکار کیا تو اس کا مکمل خاتمہ کردیا جائےگا۔
یاد رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل اور حماس میں بقیہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات ہونے جا رہے ہیں۔