اسرائیلی وزیردفاع کا حماس کو شکست دینےکیلئے فوج کو جامع منصوبہ تیار کرنےکا حکم

اسرائیلی وزیردفاع نے جنگ دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں فوج کو  حماس کو شکست دینے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیدیا۔

اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے فوجی سربراہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ  اس منصوبے پر عمل اسی صورت میں ہوگا  جب حماس صدر  ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ امن منصوبے کی شرائط پر عمل نہیں کرے گی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امریکی صدر کے منصوبے میں تمام ہلاک یرغمالیوں کی واپسی، حماس کا غیر مسلح ہونا  اور  غزہ کے اندر سرنگوں کو تباہ کرنا شامل ہیں۔

وزیردفاع کاٹز نے کہا کہ اگر معاہدے پر مکمل عمل نہ کیا گیا تو  وہ  امریکا کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ کا دوبارہ آغاز کریں گے اور  پھر  حماس کا خاتمہ کیا جائےگا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر نے بھی  خبردار کیا ہے کہ اگر حماس جنگ بندی معاہدے کی شرائط پر عمل نہیں کرتی تو وہ اسرائیل کو غزہ میں دوبارہ فوجی کارروائی کی اجازت دے دیں گے۔

سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ حماس نے اب تک 28 میں سے زیادہ تر یرغمالیوں کی لاشیں واپس نہیں کیں۔

صدر ٹرمپ نے حماس کو معاہدے کی پاسداری کا پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا کہ جیسے ہی میں کہوں گا، اسرائیلی فوج دوبارہ غزہ کی گلیوں اور سڑکوں پر ہوگی اور اگر اسرائیل چاہے تو حماس کو اچھی طرح سبق سکھا سکتا ہے۔

مقالات ذات صلة

الأكثر شهرة