
اسلام آباد: جماعت اسلامی کو الوداع کہنے والے اور اسرائیل کی قید سے رہائی پانے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد نے اپنی نئی سیاسی سمت کا تعین کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مشتاق احمد نے کسی ایک جماعت میں شامل ہونے کے بجائے ملک میں آئین کے تحفظ کیلئے قائم اپوزیشن اتحادتحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔
ذرائع کے مطابق تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس سے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی ملاقات ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال، آئین و قانون کی بالادستی اور قومی اتحاد کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران مشتاق احمد نے تحریک کے منشور سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اپنی حمایت کا اعلان کیا۔
یاد رہے کہ یہ اتحاد رواں سال اپریل میں تشکیل دیا گیا تھا، جس میں پاکستان تحریک انصاف، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین شامل ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مشتاق احمد کی شمولیت اس اتحاد کو مزید مضبوط کرے گی اور اپوزیشن کی صفوں میں نئی جان ڈال سکتی ہے۔
انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے مشترکہ جدوجہد کا یہ پلیٹ فارم مستقبل کی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا۔