
اداکار و میزبان حارث وحید نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز انڈسٹری میں نئے فنکاروں کو اکثر ایسے مشورے دیے جاتے ہیں جو نہ صرف غیر حقیقی ہوتے ہیں بلکہ اداکاروں کی خود اعتمادی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران حارث وحید نے اپنے کیرئیر کے آغاز سے متعلق تجربات شیئر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ انڈسٹری میں نئے تھے تو ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے انہیں مشورہ دیا کہ بہتر باڈی بنانے کے لیے انجکشن لگوائیں کیونکہ صرف جم کرنے سے مطلوبہ تبدیلی حاصل نہیں ہوگی۔
حارث نے بتایا کہ اسی شخص نے انہیں رنگ گورا کرنے والی کریمیں استعمال کرنے کا بھی کہا تاکہ وہ اسکرین پر زیادہ پُرکشش دکھائی دیں۔
حارث وحید نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ انہوں نے ایسے تمام مشوروں کو نظر انداز کیا اور اپنے اصولوں پر قائم رہے۔ اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے نہ کوئی انجکشن لگوایا اور نہ ہی رنگت گوری کرنے والی کوئی مصنوعات استعمال کیں۔
اداکار نے کہا کہ وہ اپنی اصل شخصیت اور قدرتی رنگت پر فخر محسوس کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ حقیقی خوبصورتی انسان کی سچائی اور خود اعتمادی میں ہوتی ہے اور اسے بدلنے کے مشورے ملنے سے خوداعتمادی متاثر ہوتی ہے اس لئے انہوں نے کبھی ایسے مشوروں پر عمل نہیں کیا۔