
نائیجیریا کی شمالی ریاست نائیجر میں آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا اور 35 افراد ہلاک ہوئے۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) نے بتایا کہ ریاست نائیجر میں آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہو کر الٹ گیا اور دھماکا ہوا۔
ایف آر ایس سی کے سیکٹر کمانڈر نائیجر عائیشاتو سعدو کے مطابق ٹینکر روڑ پر پھسل کر حادثے کا شکار ہو، جس کے نتیجے میں پیٹرول گرنا شروع ہوا اور تھوڑی دیر میں آگ بھڑک اٹھی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ افریقہ کے گنجان آباد ملک نائیجیریا میں اس طرح کے حادثات اکثر پیش آتے ہیں جہاں پیٹرولیم مصنوعات محدود پائپ لائن انفرا اسٹرکچر کی وجہ سے ٹینکروں کی مدد سے سپلائی کی جاتی ہیں۔
نائیجیریا میں سڑکوں کے ناقص نظام کی وجہ سے حادثات ہوتے رہتے ہیں اور درجنوں انسانی جانیں اس کی نذت ہوجاتی ہیں۔