ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے امریکا کی نئی پابندیوں پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کبھی بھی امریکی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پیوٹن نے کہا کہ امریکا کے غیر دوستانہ اقدامات روس اور امریکا کے تعلقات کو مزید کمزور کردیں گے۔ ان کے بقول، کوئی خوددار ملک دباؤ میں آ کر فیصلے نہیں کرتا۔
پیوٹن نے تسلیم کیا کہ واشنگٹن کی نئی پابندیاں روسی معیشت پر کچھ اثر ڈال سکتی ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ روس اپنی پالیسیوں پر قائم رہے گا اور بیرونی دباؤ کے باوجود خودمختاری سے فیصلے کرے گا۔
یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز روس کی دو بڑی آئل کمپنیوں روزنیفٹ اور لک آئل پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں تاکہ کریملن کو یوکرین جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے روس پر معاشی دباؤ بڑھے گا اور صدر پیوٹن کو مذاکرات کی میز پر لانے میں مدد ملے گی۔

