پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی فلم نیلوفر کا نیا گانا تو میر یوٹیوب پر ریلیز کر دیا گیا۔
مداحوں کی جانب سے گانے کو خوب پسند کیا جا رہا ہے، چند گھنٹوں میں اس کے 16 لاکھ سے زائد ویوز وہ چکے ہیں۔ گانے کی کمپوزیشن ذیشان حیدر اور شانے حیدر نے کی ہے جب کہ اس کو ذیشان حیدر نے گایا ہے۔
اس گانے کو مختلف خوبصورت مقامات پر شوٹ کیا گیا ہے۔ فواد خان اور ماہرہ خان کی جوڑی اس میں رومانس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
فلم نیلوفر میں ماہرہ خان ایک نابینا لڑکی نیلوفر کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو اپنی معصومیت اور جذبات کے ذریعے دلوں کو چھو لیتی ہے، جبکہ فواد خان منصور علی خان کے روپ میں ایک حساس مصنف کا کردار نبھا رہے ہیں، جو نیلوفر کی خاموش دنیا سے متاثر ہو جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر نیلوفر کے ٹیزر اور اب اس نئے گانے کے ریلیز ہوتے ہی مداحوں نے اسے خوب سراہا۔ کئی صارفین نے کہا کہ یہ فلم خدا کے لیے اور ہمسفر کے بعد دونوں ستاروں کی ایک یادگار واپسی ثابت ہوگی۔
ٹیزر کا ایک مکالمہ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس میں نیلوفر پوچھتی ہے: “اگلی بار تم میرے ساتھ ڈانس کرو گے؟” فواد خان جواب دیتے ہیں “نہیں”، جس پر نیلوفر مسکراتے ہوئے کہتی ہے “میں نہیں دیکھوں گی، وعدہ کرو۔”
نیلوفر کے مناظر اور سیٹ ڈیزائن میں کلاسیکی پاکستانی فلموں کی جھلک دکھائی دیتی ہے، جن میں ریڈیو، ٹرین اور پرانی فضا کا لمس شامل ہے۔ فلم میں مدیحہ امام، سروت گیلانی، عتیقہ اوڈھو اور بہروز سبزواری بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ اس فلم کے ذریعے فواد خان بطور پروڈیوسر اپنا پہلا قدم بھی رکھ رہے ہیں۔ فلمی حلقوں کے مطابق نیلوفر پاکستانی سینما میں ایک نئی تازگی اور نرمی لے کر آئے گی، جب کہ شائقین بےچینی سے اس کے ریلیز ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

